بھٹکل:17؍ڈسمبر (ایس او نیوز) مرکزی اور ریاستی حکومتیں صرف امیروں اور سرمایہ داروں کی آؤ بھگت میں مصروف ہوکر مزدوروں کے حقوق سے غفلت برت رہی ہیں، برسراقتدار سرکاریں فسادات برپا کرنے میں ہی اپنا پورا وقت لگارہے ہیں، ان باتوں کا الزام سی آئی ٹی یو کی ضلع صدر یمونا گاؤنکر نے لگایا۔
وہ یہاں اربن بینک ہال میں منعقدہ بھٹکل تعلقہ آنگن واڑی کارکنان سنگھ کے 8ویں اجلاس کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہی تھیں۔ اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے گاؤنکر نے کہاکہ مرکزی حکومت نے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا کہ وہ آنگن واڑی کارکنان کےساتھ بے انصافی نہیں کرے گی بلکہ اس کی نگرانی کی جائے گی ، مگر اب سبھوں کو سڑک پر لاکھڑا کیا گیا ہے، یہ حکومت مزدوروں کے حق میں نہیں ہے۔ کہا جاتاہے کہ شبری میلہ میں عورتوں کو داخلہ نہیں ہے، یہ تو توہم پرستی کی حد ہوگئی ،تمام کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہئے کہ ماں کا روپ رکھنے والی عورت کو اگر ماہواری نہیں ہوتی تو دنیا کا وجود ہی نہیں ہوتا ۔
اس موقع پر سی آئی ٹی یو کے سابق ضلع سکریٹری متوفی سبھاش کوپیکر کی کمی کو یاد کیا گیا اور ایک منٹ خاموش رہ کر اُس کے حق میں دُعا کی گئی ۔ پشپاوتی نائک، سدھا بھٹ، کویتا نائک، شانتی موگیر، منگلا نائک، جئے لکشمی نائک، پدما نائک وغیرہ موجود تھے۔ آنگن واڑی سنگھ کی سکریٹری سدھا بھٹ نے استقبال کیاتو صدر پشپا وتی نائک نے نظامت کی۔ خازن کویتا نائک نے شکریہ اداکیا۔